24 January 2013

خواب مرتے نہیں

خواب مرتے نہیں
خواب دل ہیں، نہ آنکھیں، نہ سانسیں، کہ جو
ریزہ ریزہ ہوئے تو بکھر جائیں گے
جسم کے موت سے بھی یہ نہ مر جائیں گے
خواب مرتے نہیں
خواب تو روشنی ہیں
نوا ہیں
ہوا ہیں
جو کالے پہاڑوں سے رکتے نہیں
ظلم کے دوزخوں سے بھی پھکتے نہیں
روشنی اور نوا اور ہوا کے عَلم
مقتلوں میں پہنچ کر بھی جھکتے نہیں
خواب تو حرف ہیں
خواب تو نور ہیں
خواب تو منصور ہیں
خواب مرتے نہیں

16 January 2013

دوستی

دوستی ختم نہیں ہو سکتی

دوستی حب خدا ہوتی ہے
دوستی دست دعا ہوتی ہے
دوستی حرف وفا ہوتی ہے
دوستی سب سے جدا ہوتی ہے

دوستی سارے زمانے سے کہاں
دوستی ہاتھ ملانے سے کہاں
دوستی صرف جتانے سے کہاں

یہ تو روحوں کا ملن ہوتی ہے
یہ تو خوشبوئے چمن ہوتی ہے
اپنی دھن میں مگن ہوتی ہے
یہ تو بس اک لگن ہوتی ہے

دوستی، دوستو کیا ہوتی ہے
دوستی حق کی عطا ہوتی ہے
دوستی خوشبو ہوا ہوتی ہے
دوستی حد سے سوا ہوتی ہے

دوستی دوست اگر رکھتے ہیں
دور رہ کر بھی خبر رکھتے ہیں
دوست جینے کا ہنر رکھتے ہیں

دوستی چاند ستاروں کی طرح
دوستی دل کے سہاروں کی طرح
دوستی درد کے ماروں کی طرح
دوستی جھیل کناروں کی طرح

جو جدا ہو کے بسر کرتے ہیں
عمر بھر ساتھ سفر کرتے ہیں

دوستی سود و زیاں سے بڑھ کر
دوستی فہم و گماں سے بڑھ کر
دوستی ہے دل و جاں سے بڑھ کر
دوستی سارے جہاں سے بڑھ کر

دور رہ کر بھی کوئی پاس لگے
دوستی جینے کا احساس لگے

دوستی ختم نہیں ہو سکتی!

28 December 2012

دل کا دروازہ

کسی مصور سے لوگوں نے کہا کہ آپ دل کے دروازے کی تصویر بنائیں۔ دوسرے دن لوگوں نے دیکھا کہ مصور نے ایک خوبصورت دل کا دروازہ بنایا تھا۔ تصویر دیکھنے کے بعد لوگوں نے مصور سے کہا کہ تیری تصویر ویسے تو بہت خوبصورت ہے لیکن اس میں دو خامیاں ہیں۔ پہلی یہ کہ دل کا دروازہ "بند" کیوں ہے؟
دوسری یہ کہ دل کے دروازے میں "کنڈی" کیوں نہیں ہے؟
مصور نے جواب دیتے ہوئے کہا کیونکہ دل کا دروازہ ہر کسی کے لیے نہیں کھلتا اور اس میں کنڈی ہے جو باہر سے نہیں، اندر کی طرف سے لگی ہوئی ہے۔ اسی لیے جو دل کو بھا جائے، دروازہ صرف اسی کے لیے کھلتا ہے۔

18 December 2012

دوستی

دوستی ایک پاکیزہ رشتہ ہے۔ دوستی کی لاج رکھنا اتنا مشکل ہے جتنا کسی طوفان کو روکنا۔ دوستی انسان کے غم میں کمی کرتی ہے۔ اسے حوصلہ ملتا ہے۔ پھول بہت حسین ہوتے ہیں لیکن ایک دن مرجھا جاتے ہیں پر سچی اور بے غرض دوستی اس پھول کی طرح ہے جو کبھی مرجھا نہیں جاتا۔ سچی دوستی وہ ہے جو بااصول اور بے غرض ہوں اور سچا دوست وہ ہے جو کبھی دعوٰی نہ کرے بلکہ دوست کے لیے کرکے دکھائے۔ سچا اور بے غرض دوست کا ملنا اتنا مشکل ہے جتنا سمندر سے قیمتی موتی ڈھونڈ کر نکالنا۔ خوش نصیب ہے وہ، جس کا کوئی سچا دوست ہو۔

15 December 2012

وفا بے وفا

یہ تو سبھی جانتے ہیں کہ محبت کی نہیں جاتی بلکہ ہو جاتی ہے لیکن کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو صرف وقت گزارنے کے لیے محبت کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی فطرت ہی بے وفائی کرنا ہوتئ ہے۔ ایسے لوگ دوسروں کے جذبات مجروح کرکے بڑی آسانی سے کہہ دیتے ہیں، "ہمیں بھول جانے کی کوشش کیجیئے۔"
یہ کہنا تو بہت آسان ہے لیکن ایسا ہونا بہت مشکل بلکہ کبھی کبھار نا ممکن ہے۔

13 December 2012

سمجھنے کی بات

آپ کو جتنے آنسو بہانے ہوں، جتنی سسکیاں بھرنی ہوں، جتنے بھی زخم دیکھنے، کھرچنے یا پھر سے ہرے کرنے ہوں تو یہ سب رات کی تاریکی میں کیجئے۔ صبح کا سورج اور آپ کے ہونٹوں کا تبسم، ایک ساتھ طلوع ہونے چاہیں کیونکہ دن روشنی کے لیے ہوتا ہے، اس لیے روشن دن میں تاریکیوں کے سائے آپ کے آس پاس نہیں لہرانے چاہیے۔

03 December 2012

جدائی

جس طرح آسمان پر چاند اور سورج ایک ساتھ ساتھ ہوتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے جدا ہوتے ہیں، بالکل اسی طرح کبھی کبھار دو انسان جب ایک دوسرے کے قریب ہونے کے باوجود بھی ایک دوسرے سے دور ہوں تو یہ جدائی دکھ کا پہاڑ بن جاتی ہے۔
جدائی ایک چھوٹا سا لفظ ہے لیکن اس میں غم کا سمندر چھپا ہوتا ہے جو بظاہر تو پرسکون لگتا ہے لیکن اندر سے ایک بپھرا ہوا طوفان ہوتا ہے۔ جدائی موت کا دوسرا نام ہے۔ چاہنے والوں کی جدائی انسان کو زندہ مار دیتی ہے اور یہ ایک ناقابل برداشت درد ثابت ہوتا ہے۔